مینار پاکستان پر جلسہ، پارک کو نقصان پر5 کروڑ جرمانہ وصول کرنے کا فیصلہ

مینار پاکستان پر جلسہ، پارک کو نقصان پر5 کروڑ جرمانہ وصول کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

آزادی چوک(رائو دلشاد،عرفان ملک) پی ڈی ایم کے جلسے کی اجازت کے درخواست کنندہ پانچ لیگی رہنماؤں کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ، پی ایچ اے کاطے کردہ جرمانہ 4 سے5کروڑ ہرصورت دینا ہوگا،  وگرنہ اتنی مالیت کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی ۔

مسلم لیگ (ن )کی جانب سے جلسہ کیلئے سینیٹر رانامقبول احمد، رکن اسمبلی سمیع اللہ خان، سابق لارڈ میئر کرنل( ر) مبشرجاوید، سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راجہ خرم اور امتیاز الٰہی ایڈووکیٹ سےجرمانہ وصول کیا جائے گا،  گریٹر اقبال پارک میں جلسہ کے نتیجے میں ہونیوالے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت بھی کردی گئی،جس کے آنے پر جلسہ کی درخواست کنندہ لیگی رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی شروع ہوگی۔ لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت پنلٹی کی ادائیگی سے انکار پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیس کی سماعت کریں گے،پنلٹی کی عدم ادائیگی پر پانچوں لیگی رہنماؤں کی جائیدادوں کی قرقی بھی ہوسکتی ہے۔

گریٹر اقبال پارک میں پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے توڑے گئے جنگلوں پر پولیس نے دو مقدمات درج کرلیے، مقدمات پی ایچ اے انتظامیہ کی درخواستوں پر درج کیے گئے،لاری اڈہ پولیس اسٹیشن میں گریٹر اقبال پارک کے جنگلے توڑے جارنے پر 2 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں مقدمات پی ایچ اے سکیورٹی عملے کی جانب سے درج کرائے گئے، ایک مقدمہ گیارہ، دوسرا بارہ دسمبر کو جنگلے توڑنے پر درج کیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ایک مقدمہ سکیورٹی سپروائزرمحمد یوسف کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ ذیشان حیدر نقوی کی مدعیت میں درج کیا گیا، دونوں مقدمات میں پارک کے تالے توڑنے اور زبردستی داخل ہونے کا الزام لگایا گیا جبکہ پی ڈی ایم جلسے کے خلاف بھی پی ایچ اے نے درخواست دے رکھی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer