ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کے احتجاج پرجے آئی ٹی بنانے کی درخواست مسترد کردی، درخواستگزارکو2لاکھ روپے جرمانہ کردیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اسلام کے نام پر سڑکیں بلاک کرکے لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، کیا اسلام یہ درس دیتا ہے ؟؟
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی۔درخواستگزارکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ٹی ایل پی کے احتجاج سے سڑکوں کی بندش اور لوگوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔اس معاملے کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے، زخمی اور شہید ہونیوالوں کے متعلق تفصیلات کی فراہمی کیلئے درخواست دی جو متعلقہ افسر کے پاس ہے لیکن معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ معلومات کے حصول کیلئے آپ چیف انفارمیشن افسر سے رابطہ کریں،عدالت کیسے حکم دے سکتی ہے۔چیف جسٹس محمد قاسم خان نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت جے آئی ٹی بنائی جائے؟ وکیل نے بتایا مظاہروں سے مشکلات پیداہوئیں،پولیس نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سوچا ہے کہ کتنے پولیس اہلکار شہید اور زخمی ہوئے ہیں؟؟ ایمبولینس میں کئی لوگ مر گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ درخواست میں استدعا کیا ہے؟ یہ پنچائیت نہیں، آپ قانون کی بات کریں۔عدالت نے دو لاکھ جرمانے کے ساتھ درخواست مسترد کر دی۔