شریف خاندان کی خواتین کو جاری طلبی کے نوٹسز منسوخ

شریف خاندان کی خواتین کو جاری طلبی کے نوٹسز منسوخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعود بٹ ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو بھیجے گئے طلبی کے نوٹسز منسوخ کرکے تینوں خواتین کو متعلقہ کیس کے حوالے سے سوالنامے ڈاک کے ذریعے بھجوا دئیے، چیئرمین نیب شریف فیملی کے تمام کیسز کی نگرانی خود کریں گے، چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ نیب خواتین کی عزت، چادر اور چاردیواری کے تقدس پر مکمل یقین رکھتا ہے۔

چیئرمین نیب کے لاہور بیورو کے دورے کے بعد نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹیوں رابعہ عمران اور جویریہ علی کو طلبی کے بھجوائے گئے نوٹسز منسوخ کردیے۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شریف فیملی کی خواتین کو متعلقہ کیسز میں نیب کو مطلوب معلومات کے لیے سوالنامے بذریعہ ڈاک بھجوا دئیے گئے ہیں۔

قومی احتساب بیورو کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب خواتین کے تقدس اور چادر چار دیواری کا مکمل احترام کرتا ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق شریف خاندان کے تمام کیسز کی نگرانی اب چئیرمین نیب براہ راست خود کریں گے۔ چئیرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ نیب کی واحد وابستگی پاکستان سے ہے کسی بھی دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نیب اپنے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔

یاد رہے نیب نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے لیے شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹیوں کو رواں ہفتے طلب کیا تھا جس کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے نیب کے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔