’’عوام کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے‘‘

’’عوام کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے‘‘
کیپشن: City42 - Chairman NAB
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (سعود بٹ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شریف خاندان کے کیسز کی پیشرفت سمیت بیرون ملک زیر تفتیش افراد کو ملک واپس لانے کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک اجلاس کے دوران ڈی جی نیب نے چیئرمین کو شریف خاندان کے خلاف زیرتفتیش کیسز سمیت پیراگون، آشیانہ اقبال پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ خواجہ برادران کی قبل ازگرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پرنیب ٹیم اپنا بھرپور موقف پیش کرے۔ چیئرمین کی جانب سے نیب کو زیرتفتیش کیسسز میں مطلوب افراد کو جلد ازجلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات سمیت ہاوسنگ سوسائٹیوں کے مقدمات کو ہنگامی بنیادوں پرمکمل کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جب پوچھا جاتا ہے 5 ہزار کا کام 50 ہزار میں کیا ہے توسب نیب کیخلاف اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ملک کیلئے کام کر رہے ہیں۔ تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

 اعلا میہ کے مطابق ڈی جی نیب شہزادسلیم نے چیئرمین کو میگا کرپشن کیسز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاکستان بزنس کمیونٹی، کنسٹرکشن ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے چیئرمین نیب سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں  80 فیصد ملکی میگا پراجیکٹ غیرملکی کمپنیوں کو دیئے گئے۔ نیب انکوائریوں میں بزنس کمیونٹی کے افراد کی گرفتاری پر تحفظات ہیں۔ کرپٹ عناصر کو منظرعام پر لانے میں بھرپور مدد فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی کمپنیوں کو ٹھیکے دینے کی وجہ سے مقامی بزنس کمیونٹی کی حق تلفی ہوئی۔ نیب کے اقدامات سے ایماندار لوگوں کا جینا آسان اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال کریں گے۔

چیئرمین نیب نے بزنس ڈیسک کی نگرانی ڈائریکٹر لیول کے افسر کے سپرد کردی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر خاورالیاس کو نیب لاہور کے بزنس ڈیسک کے معاملات جبکہ عاصم لودھی کو ہیڈکوارٹرز بزنس ڈیسک کا انچارج بنا دیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے چیئرمین نیب کی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Sughra Afzal

Content Writer