(ویب ڈیسک) سری لنکا کے نئے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے عوام پر واضح کیا ہے کہ ملک میں معاشی بحران مزید سنگین ہو گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے رانیل وکرما سنگھے کا کہنا تھا کہ کسی پر الزام لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا اور یہاں لوگوں کی حالت بہتر بنانے آیا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے پیشرو مہندرا راجا پاکسے کی حکومت کی تمام پالیسیوں کو تبدیل کرنے جا رہا ہوں، ملک میں معاشی بحران ٹھیک ہونے سے پہلے مزید بدتر ہو گا۔
سری لنکن وزیراعظم نے عوام کو صبر کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چیزوں کو واپس پہلے والی صورتحال پر لے آؤں گا لیکن اس کے لیے ہمیں ایک سال کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔جو کچھ بھی ادھار لیں گے وہ واپس کر دیں گے، عالمی برادری ہماری مدد کرے کیونکہ ہم ایشیا کی سب سے پرانی جمہوریت ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں بدترین معاشی حالات کے باعث ہونے والے احتجاج پر چند روز قبل مہندرا راجا پاکسے نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دیا تھا جس کے بعد رانیل وکرما سنگھے چھٹی مرتبہ سری لنکا کے وزیر اعظم بنے تھے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اس وقت سری لنکا میں خوراک، ایندھن اور طبی سامان جیسی بنیادی اشیاء کی شدید قلت ہے، سری لنکا کی معاشی پریشانیوں کی بڑی وجہ درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرنا ہے۔