یوسف رضا گیلانی مخالف سے ڈھائی گنا زیادہ ووٹ لے کر سینیٹ کے رکن منتخب

Yousaf Raza Gilani, Senate Election, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی سنی اتحاد اور پی ٹی آئی کے امیدوار سے ڈھائی گنا زیادہ ووٹ لے کر سینیٹ کے رکن منتخب ہو گئے۔

یوسف رضا گیلانی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ کے چئیرمین کے لئے امیدوار بھی ہیں۔ ان کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی سینیٹ کا ہال مبارک سلامت کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار  بھی یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دینے ایوان میں پہنچ گئے۔ انہوں نے یوسف رضا گیلانی کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔

رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ایوان بالا میں  واپسی

سینیٹ کی یہ نشست یوسف رضا گیلانی نے ہی خالی کی تھی۔ وہ 8 فروری کے انتخاب میں ملتان شہر سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 150 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تاہم پارٹی نے فیصلہ کیا کہ انہیں سینیٹ کا چئیمین بننا چاہئے جس کی تعمیل کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کا ضمنی الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔

301ووٹوں میں سے  9 مسترد

آج سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں اسلام آباد کی نشست پر 301  ووٹ کاسٹ ہوئے۔ 

سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو  204  ووٹ ملے۔ سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان کو   88  ووٹ ملے۔
غیر معمولی طور پر 9 ووٹ مسترد  ہو گئے۔

 ایوان بالا میں جیے بھٹو کے نعرے

سید یوسف رضا گیلانی کی مدمقابل کو ڈھائی گنا زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہونے کا اعلان ہوتے ہی ایوان بالا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان نے جئے بھٹو کے نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔ ارکان یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر ڈیسک  بجاتے رہے۔

باری باری پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے سید یوسف رضا گیلانی کی نشسست پر جا کر انہیں دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔