(اسرار خان)تاریخی مینارِ پاکستان یا کوڑا کرکٹ کا میدان؟ پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کرنیوالے کارکنوں نے مینارِ پاکستان گراؤنڈ کا حلیہ ہی بگاڑ ڈالا ۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کا جلسہ اختتام پذیر ہوا تو کارکنوں نے پنڈال پر دھاوا بول دیا ۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر لوہے کے جنگلے اکھاڑ ڈالے۔ تشہیری فلیکس اور پارٹی پرچم پیروں میں روندے گئے ۔ بیشتر لائٹس بھی ٹوٹ گئیں جبکہ مہمانوں کے لئے لائے گئے صوفے بھی محفوظ نہ رہے ۔ اسی طرح سینکڑوں کرسیاں بھی غائب ہو گئیں ۔ متعدد کو توڑ دیا گیا ۔ پنڈال میں جگہ جگہ ڈسپوزیبل ڈبے اور ریپرز نے گراؤنڈ کو کوڑا دن میں تبدیل کر دیا ۔
ذرائع ابلاغ کاکہناتھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک بری طرح متاثر ہو گیا.پی ڈی ایم مینار سے جلسہ کر کے تو نکل گئی لیکن کارکنان نے جگہ جگہ گند پھیلا دیا۔پارک کے بیشتر جنگلےاور گملے کارکنان نے توڑ دیے۔مینار پاکستان کے گرد حصار بھی کارکنان نے توڑ دی۔پارک میں جگہ جگہ پی ڈی ایم پارٹی کے جھنڈے پڑے دکھائی دیے۔پی ایچ اے کے عملے نے پارک میں صفائی کا کام شروع کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج مینار پاکستان پر ہوا۔ مریم نواز، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی، پنڈال میں کارکنوں کا جوش دیدنی تھا، ہر طرف پارٹی پرچموں کی بہار ، کارکنان کی جانب سے حکومت مخالف نعروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
تاجر برادری نے بھی اپنا رنگ جمایا ہے۔ اندرون لاہور، شمالی لاہور کی مارکیٹوں کی ریلیوں کی قیادت سینئر تاجرقائدین عامر صدیق چودھری اور میاں عثمان نے کی۔ تاجر ریلیوں میں ہزاروں تاجران شریک ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے پرچم تھام رکھے تھے۔
تاجروں نے لیگی قیادت اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے حق میں نعرے بازی کی۔ تاجر قائدین میان عثمان اور عامر صدیق چودھری نے کہا کہ کٹھ پتلی اور نااہل، نکمی سرکار کو گرانے اور گھر واپس بھیجنے کیلئے شہر کی تاجر برادری بھی بڑی تعداد میں نکلی انہوں نے کہا کہ آج شہر کی تاجر برادری نے ثابت کردیا کہ لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔