سٹی 42: بھارت میں 37سال قبل موٹرسائیکل چوری کرنے والا ملزم بالآخر قانون کے ہتھے چڑھ گیا ۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق اس ملزم کا نام رگھوناتھ سنگھ ہے جو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ کا رہائشی ہے۔ اس نے 1983ءمیں اترپردیش ہی کے شہر مناگڑھی سے ایک موٹرسائیکل چوری کی تھی اور اس کیس میں مطلوب تھا۔ پولیس کی طرف سے اس کی گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے 20ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کر رکھا تھا۔
رگھوناتھ نے یہ چوری دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ کی تھی جو قبل ازیں گرفتار ہو چکے تھے اور موٹرسائیکل بھی ان کے قبضے سے برآمد ہو چکی تھی لیکن رگھو ناتھ تاحال مفرور تھا۔ گزشتہ دنوں دیگر دو چوروں کے ایک ساتھی نے پولیس کو رگھوناتھ کی بھی مخبری کر دی۔ مخبر کے مطابق رگھوناتھ اترپردیش کے شہر متھورا میں ایک جگہ قیام پذیر تھا جہاں پولیس نے چھاپہ مار کر اسے گزشتہ روز گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہی بھارت میں ایک بینک ڈکیتی کرنے والا ڈاکو بھی 38سال بعد پکڑا گیا ہے۔اس ملزم کا نام شکتی دان سنگھ تھا جس کی عمر اب 65سال تھی۔ اس نے اس بینک ڈکیتی میں تین لوگوں کو قتل بھی کر دیا تھا لیکن اتنے سالوں تک پولیس سے بچتا رہا مگر بالآخر گزشتہ دنوں پکڑا گیا۔