سٹی 42: تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعدرضوی کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی تیاری، حکومت نے ایف آر بی سے ریفرنس واپس لینے کیلئے درخواست لکھ دی۔
ٹی ایل پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایف آر بی سے ریفرنس واپس لینے کیلئے درخواست لکھ دی۔ ایف آر بی کو سعد رضوی کی مزید 9 ماہ نظربندی کیلئے ریفرنس بھیجا گیا تھا۔ سعد حسین رضوی کے خلاف ایف آر بی میں ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے بعد کیا گیا تھا۔ ریفرنس واپس لینے کا فیصلہ ٹی ایل پی سے ہونے والی معاہدے کے تحت کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک لبیک کے 8 گرفتار کارکنان کو مقدمہ سے ڈسچارج کردیا۔ ملزمان کیخلاف تھانہ شاہدرہ میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔ 8 گرفتار کارکنان کو انسداد دھشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، تحریک لیبک کے وکیل محمد سلیم اور اسری چوہدری نے دلائل دیئے جبکہ تھانہ شاہدرہ پولیس نے ملزمان کی اخراج رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
تھانہ شاہدرہ کے تفتیشی افسر نے کہا ملزمان دوران شناخت پریڈ جیل میں شناخت نہیں ہوئے، ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا جائے۔ عدالت نے ملزم عبد الغفور، اخلاق احمد، محمد عرفان، شہزاد خان،عثمان ریاض، افضال احمد، محمد افضال اور شہباز علی کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے ملزمان کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔