(قذافی بٹ) گورنر پنجاب سے آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر فیڈریشن کے وفد کی ملاقات کی ،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کی جا رہی ہے۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے گورنرپنجاب کو مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ دنیا بھر میں لاک ڈاون صرف عوام کو مشکل وقت سے بچانے کے لیے لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاون کے دوران بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کورنا کو شکست دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ ہم کورونا سے جیت چکے ہیں، عوام گھروں تک محدود رہیں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں۔
دوسری جانب عید سے قبل ٹرانسپورٹ کو کھولنا ہے یا نہیں پنجاب حکومت نے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے عید پر ٹرانسپورٹ کھولنے کا حتمی فیصلہ نیشنل کمانڈ کونسل پر چھوڑ دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کو عید پر محدود وقت کے لئے کھولا جاسکتا ہے لیکن ٹرانسپورٹ کو اگر کھولا گیا تو ایس او پیز کے تحت ہی کھولا جائے گا۔حتمی فیصلہ ایک سے دو روز میں کرلیا جائے گا -
لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئےعید سے قبل شہرسے باہر جانے والی ٹرانسپورٹ کھولنےکی بھی تیاریاں شروع کردیں گئیں ہیں،گزشتہ روزٹرانسپورٹ کھولنےکی تجویز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کودے دی گئی تھی۔ایس او پیزمیں تجویز کیا گیا ہےکہ مسافر گاڑیوں میں بیٹھنے سے پہلےماسک،گلوز پہنیں اوراپنے پاس سینٹائزربھی رکھیں گے،مسافرکھانستے اور چھیکنتےہوئےٹشو پیپر کا استعمال کریں گے،ایک دوسرے سےہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے گا۔
ٹرانسپورٹرزگاڑیوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کریں گے، سواری بٹھانےاوراتارنے کے بعد گاڑی میں ایئرکنڈیشن نہیں چلایا جائےگا،گاڑی کی کھڑکیوں کو تازہ ہوا کےلیےکھلا رکھا جائےگا،مسافروں کو ایک دوسرے کےساتھ ساتھ نہیں بٹھایا جائے گا،ڈرائیور حضرات بھی ماسک اور گلوز کا استعمال یقینی بنائیں گے،بس کو سواریوں سےبھرا نہیں جائے گا،تاہم ٹرانسپورٹ کھولنےکاحتمی فیصلہ وزیراعلی پنجاب مشاورت سےکریں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں دو ماہ سے بند دکانیں اور چھوٹے کاروبار کھل گئے۔پنجاب میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک کاروبار کھلے گا تاہم شاپنگ مال اورپلازہ بند رہیں گے، خیبر پختونخوا میں تاجروں کو دکانیں اورمارکیٹ شام چار بجے تک کھولنے کی اجازت ہے جب کہ بلوچستان میں دکانیں اور مارکیٹ شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار ہے۔