شاہد ندیم: سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہورریجن کی ٹاسک فورس نے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے متعدد مقامات پر گیس چوری پکڑ لی۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کی ٹاسک فورس نے ڈسٹری بیوشن آفیسر شرافت چوہدری کی سربراہی میں مختلف علاقوں میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں گھریلو و کمرشل صارفین گیس چوری کرتے پکڑے گئے، سوئی ناردرن گیس کمپنی کی ٹیم نے بند روڈ اور فیروز پور روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے متعدد گھروں میں گیس کی ڈائریکٹ سپلائی پکڑی گئی، جس کی وجہ سے کنکشن منقطع کئے گئے۔
دوسری جانب اقبال ٹاون میں کاروائی کے دوران گیس کا غیر قانونی استعمال پکڑا گیا، جس کی وجہ سے کنکشن منقطع کر دیا جبکہ میٹر کو لیبارٹری رپورٹ کے لئے بھجوا دیا گیا، لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں ڈی ٹیکشن بل چارج کیا جائیگا۔
واضح رہے گیس چوری پکڑنے میں سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن فغال ہوچکی ہے،اس سے قبل بھی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا، اس دوران ازمیر سوسائٹی میں کنکشن منقطع کر دیا گیا۔ سوئی ناردرن حکام کے مطابق گھریلو میٹر سے کمرشل استعمال کی وجہ سے کنکشن منقطع کیا گیا۔ کاہنہ نو میں بھی مہر آزان ملک شاپ کا کنکشن معاہدے کی خلاف ورزی پر منقطع کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح شاہ فرید کالونی ملتان روڈ میں 25 گھروں میں گیس چوری پکڑی گئی۔ سوئی ناردرن حکام بتایا کہ گیس چوری پر کنکشن منقطع کر دیئے گئے ہیں۔ آپریشن جی ایم لاہور قیصر مسعود کی ہدایت پر چیف انجینئر راشد عنایت کی نگرانی میں کیا گیا۔
یاد رہے گھروں میں رہ کر دفتری امور نمٹانے والے افسروں کو دفاتر میں بلا لیا گیا ہے، پیر سے تمام ریجنل دفاتر کے کسٹمر سروسز سینٹرز کو بھی کھول دیا گیا ہے، کمپنی کے چیف انجینئرز، سینئر انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز سمیت تمام افسران کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈیلی ویجز اور مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی دفاتر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمپنی میں کنکشنز کی تنصیب اور ترقیاتی کام کرنے والی ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے، اس سے قبل تمام ملازمین کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔