( شاہد ندیم ) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد تمام دفاتر آپریشنل کرنے کا اعلان کر دیا۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پیر سے تمام دفاتر آپریشنل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد دفاتر کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل تمام دفاتر میں افسران کو گھروں میں رہ کر دفتری امور نمٹانے کا حکم دیا گیا تھا، پیر سے تمام ریجنل دفاتر کے کسٹمر سروسز سینٹرز کو بھی کھول دیا جائیگا، اس لئے کمپنی کے چیف انجینئرز، سینئر انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز سمیت تمام افسران کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈیلی ویجز اور مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی دفاتر حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کمپنی میں کنکشنز کی تنصیب اور ترقیاتی کام کرنے والی ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے، اس سے قبل تمام ملازمین کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یاد رہے کورونا کیسز سامنے آنے پر کمپنی نے ہیڈ آفس کو سیل کردیا تھا تاکہ مختلف دفاتر کوڈس انفیکٹ کیا جاسکے، سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن میں بھی ایک ملازم کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر تین ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی اور کشمیر روڈ ہیڈ آفس کو اٹھائیس اپریل تک بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں چھوٹے دکاندار، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد، رکشہ و ٹیکسی ڈرائیورز مشکل میں ہیں۔ ہمیں خدشہ ہے چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعت مکمل طور پر بند نہ ہوجائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مشکل وقت سے نکلنا ہے تو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اگر پھر سے کورونا وائرس کے کیسز بڑھ گئے اور لوگوں نے احتیاط نہ کی تو ہمیں سب بند کرنا پڑے گا، وقت آگیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے اثرات سے بچنے کے لیے ذمہ دار شہری بن کر تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔