کینال روڈ (زاہدچودھری) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے مصنوعی اینٹی باڈیز اور سٹیم سیل تھراپی کے منصوبے پر کام شروع کر دیا۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت اجلاس میں پروفیسر فریدون جواد احمد سمیت ہیلتھ آفیشلز شریک ہوئے۔اجلاس میں کورونا کے علاج کیلئے مصنوعی اینٹی باڈیز تیار کرنے کیلئے ذوق گروپ کے اشتراک سے کام شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔پراجیکٹ کے پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر جاوید اکرم اور پروفیسر فریدون جواد احمد ہونگے۔
پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ مصنوعی اینٹی باڈیز کورونا وائرس کو انسانی پھیپھڑوں میں داخل ہونے سے روکے گی، اس پراجیکٹ پر 1954 میں طب کا نوبل پرائز دیا جا چکا ہے۔
پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ یو ایچ ایس پہلے ہی کورونا کے مریضوں کا بلڈ پلازما سے علاج شروع کرچکی ہے، یوایچ ایس نے کورونا وائرس کے لیے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے سٹیم سیل تھراپی پر بھی کام جلد شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں جہاں لاک ڈاﺅن نرم کیا جا رہا ہے وہیں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، ملک میں کورونا سے مزید 31 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 737 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 34325 تک جاپہنچی ہے، اب تک 8555 پاکستانی کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہو رہا ہے، پنجاب میں کورونا کے 301 نئے کیس سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار 868 ہو گئی، مہلک وائرس سے اب تک صوبے میں 197 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، 57 روز میں لاہور میں کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 5705ہوگئی۔