پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ اجلاس آج دوپہر ایک بجے تک ملتوی  

Punjab,budget assembly,ijlas,posponed
کیپشن: Punjab assembly,file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک)پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش نہ کیا جا سکا،پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر ایک بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ کے ایوان سے چلے جانے کے بعد سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، تو سپیکر پرویز الٰہی نے پوچھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کہاں ہیں؟آئی جی اور چیف سیکرٹری کو بھی پنجاب اسمبلی میں ہونا چاہئے۔

 صوبائی وزیر ملک احمد خان نے کہاکہ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز جلد ایوان میں ہونگے،سپیکر پنجاب اسمبلی نے ایک اور رولنگ دی کہ آئی جی اور چیف سیکرٹری کو بھی پنجاب اسمبلی میں ہونا چاہئے،آئی جی اور چیف سیکرٹری نہ آئے تو بجٹ پیش نہیں ہوگا۔اس پر اویس لغاری نے کہاکہ بجٹ اجلاس کا آئی جی اور چیف سیکرٹری سے کیا تعلق ہے، چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ منت کرکے آئی جی کو بھی اس ہاؤس میں لے آئیں۔جب بجٹ پیش ہورہا ہو تو ضروری ہے آئی جی اور چیف سیکریٹری کا بھی موجودہوں۔ان کا کہناتھا کہ آپ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی کو ڈولی میں بٹھایا ہوا ہے،ان کو ڈولی میں نہ بٹھائیں۔

 قبل ازیں سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں عطا اللہ تارڑ کی موجودگی پر چودھری ظہیر الدین نے اعتراض اٹھا دیا جس پر سپیکر اسمبلی پرویز الٰہی نے عطا تارڑ کو ایوان سے نکالنے کی رولنگ دی۔

سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ عطااللہ تارڑ آپ ایوان میں نہیں بیٹھ سکتے ،عطااللہ تارڑ کو باعزت باہر چھوڑ کر آئیں،عطااللہ تارڑ آپ کو جانا پڑے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ جب تک عطا تارڑ نہیں جاتے حمزہ شہباز کیلئے سازگار ماحول نہیں بنے گا،میں کسی کو بجٹ پیش نہیں کرنے دوں گا،ن لیگ کے ارکان عطا تارڑ کے گرد جمع ہو گئے ،سپیکر کے حکم پر عطااللہ تارڑ کو ایوان سے باہر نکالنے کیلئے سارجنٹ ایٹ آرمزپہنچ گئے ۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے ایوان سے نکلنے کا حکم پرعطا اللہ تارڑ ڈٹ گئے اور ایوان سے باہر جانے سے انکار کردیا ۔حکومتی ارکان کے سمجھانے کے باوجود عطاتارڑایوان سے باہر نہ گئے جس پرحکومتی ارکان نے سپیکر سے 10 منٹ کیلئے اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کردی،سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے عطا تارڑ کے ایوان سے باہر جانے کیلئے اجلاس10 منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔

لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کے ایوان سے باہر چلے جانے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شروع ہو ا تھا۔