(مانیٹرنگ ڈیسک) صحت کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ براعظم افریقہ میں وبائی مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر متشیدیسو موتی نے کہا کہ کرونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے میں 98 دن لگے جب کہ مزید ایک لاکھ کا اضافہ صرف 19 دنوں میں ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ عالمی تعداد کے تناسب میں وبا میں مبتلا افراد کی تعداد تین فیصد سے ہے، لیکن یہ بالکل واضح ہے کہ یہاں اس کے پھیلنے کی رفتار بڑھ رہی ہے۔ افریقہ کے 54 ملکوں میں سے 10 کے اندر نمبروں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس سے متعلق صورتحال بگڑتی جا رہی ہے اور اب بھارت سب سے زیادہ کورونا کیسز والے ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں مزید11 ہزار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اب کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 191 ہوگئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 105 ہے۔
کورونا وائرس سے اموات کے تناسب کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوروناوائرس کے باعث 72 فیصدمرد جبکہ 28 فیصد خواتین لقمہ اجل بنیں، سب سے زیادہ جاں بحق ہونے والے افراد51 سے 60 سال کی عمرکے ہیں ، تاہم ایک سے 10 سال تک کی عمر کا ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔
لاہور سمیت صوبہ بھرمیں 11جون تک 776 اموات ہوئیں، جن میں 72 فیصد مرد جبکہ 28 فیصد خواتین مہلک وائرس سے جان کی بازی ہارگئیں۔ مہلک وائرس سے 557مرد جبکہ 219 خواتین جاں بحق ہوئیں۔ 51 سے 60 سال تک کی عمر کے سب سے زیادہ 237 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 66 خواتین جبکہ 171مرد کورونا وائرس کا لقمہ بنے۔
61 سے70 سال کی عمر کے افراد میں 41 خواتین جبکہ 161مرد جاں بحق ہوئے۔ 11 سے20 سال تک کی عمر کے پانچ ا فراد جان کی بازی ہار گئے۔ 21سے30 سال تک کی عمر 15 خواتین جبکہ 23 مرد جاں بحق ہوئے۔ 31 سے 40 کی عمر کی 17 خواتین جبکہ 30مرد جان کی بازی ہار گئے ۔