(اکمل سومرو) ایچ ای سی پنجاب نے دو سالہ بی اے، بی ایس سی کی ڈگری بند کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا، جامعات کو رواں سال اگست میں 2 سالہ ایسوسی ایٹ ڈگریوں میں داخلے کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
2020ء کے بعد 2 سالہ ایم اے، ایم ایس سی کی ڈگری بھی بند کر دی جائے گی، محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کا نامین کلیچر تیار کیا جائے گا اور دو سالہ بی اے بی ایس سی پروگرام فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ایسے طلبا جنھوں نے 31 دسمبر 2018ء سے پہلے بی اے بی ایس سی میں رجسٹریشن کرائی تھی، وہ 31 دسمبر سے 2020ء تک اپنی ڈگریاں مکمل کر سکتے ہیں۔
مذکورہ ڈیڈ لائن تک بی اے کی ڈگریاں مکمل نہ کرنے والے طلبا کو ایسوسی ایٹ ڈگریاں جاری کی جائیں گی، انہیں ایسوسی ایٹ ڈگری کے کورسز بھی پڑھنا ہوں گے۔
ایسوسی ایٹ ڈگری کا مقصد طلبا میں کمپیوٹر لٹریسی، آفس مینجمنٹ سکلز، فارم مینجمنٹ، ایگری کلچر بزنس سکلز، ہاسپیٹلیٹی انڈسٹری، ٹیکنالوجی سے متعلق تعلیم کو فروغ دینا ہے۔