(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کا اثر ممکنہ طور پر پاکستان پر بھی دکھائی دے سکتا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ پٹرول6 روپے تک مہنگا ہوسکتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں دو ڈالر اضافہ ہواہے جس کے بعد فی بیرل قیمت 81 ڈالر ہو گئی ہے جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 70 سینٹ اضافے کے بعد 83.70 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
عالمی سطح پر بڑھنے والی قیمتوں کے باعث پاکستان میں بھی پٹرول مہنگا ہونے کا امکان پیدا ہو گیا، پٹرول کی قیمت میں 56 روپے، ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے 75 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 50 پیسے ،لائٹ ڈیزل میں چھ روپے اضافہ متوقع ہے۔ قیمت میں اضافے کے بعد فی لیٹر پٹرول 150 روپے کا ہوجائے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے امکان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات ہیں اور حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے۔ ملک میں ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کر دے گا۔