(قیصر کھوکھر)چیف سیکرٹری پنجاب میجرریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی سربراہی میں محکمہ لائیو سٹاک اور نجی سرمایہ کاروں کااہم اجلاس ہوا،قصور میں ڈیزیزفری زون کے قیام کی تجویز پرعملدرآمد کیلئےمناسب اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانےاور جانوروں کو بیماریوں سےمحفوظ رکھنے کیلئے نجی شراکت داری کی حوصلہ افزائی جاری رہےگی،اس سلسلے میں ضلع قصور میں جانوروں کیلئے ڈیزیز فری زون اور تمام داخلی اور خارجی راستو ں پر چیک پوسٹوں کے قیام کی تجویز دی گئی۔
چیف سیکرٹری میجرریٹائرڈ اعظم سلیمان نے کہا کہ چیک پوسٹوں کےقیام سےمقامی بریڈراورجانوروں کی بیماریوں کی سکیننگ میں مدد ملے گی،اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جانوروں کی ویکسینیشن اور ٹیگنگ کےعمل کو تیز کرنے پرغور کیا گیا،جس سےدودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔
ڈی جی لائیو سٹاک نےبریفنگ دی کہ اب تک چولستان میں تقریبا اڑھائی ارب روپےکی لاگت سےجانوروں کو ویکسینیشن کی چھ خوراکیں دی جا چکی ہیں،اس ویکسینیشن سےجانوروں میں منہ کھر کی بیماری پرکافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے،چیف سیکرٹری پنجاب نےنجی سرمایہ کاروں کے وفد کو بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفد محکمہ لائیو سٹاک کےتعاون سےقابل عمل ماڈل تیار کرے،اس ماڈل پرعملدرآمد کیلئےپنجاب حکومت بھر پور تعاون کریگی،چیف سیکرٹری نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں اسے دوسرے اضلاع میں بھی شروع کیا جائےگا۔