( سٹی 42 ) پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کا مینار پاکستان پر سیاسی پاور شو، مریم نواز کہتی ہیں آج کا جلسہ تاریخی جلسہ ہے، جعلی حکومت کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف مینار پاکستان بھر گیا بلکہ اطراف کی سڑکیں بھر چکی ہیں، ہزاروں لوگ پنڈال میں آنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے کسی بھی اجازت کی ضرورت نہیں ہے، دل کی گہریوں سے لاہوریوں کو سلام پیش کرتی ہوں، اتنی سردی میں آپ سب آئے۔ لاہور والے آج بلاول سمیت سب صوبوں کو ویلکم کرتے ہیں، ہم سب ایک ہیں کوئی بڑا چھوٹا نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں سب ماؤں بہنوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو آج تشریف لائی ہیں۔ جعلی حکومت کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا جلسہ منتظمین نے بتایا تھا کہ پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگی ہوئی ہیں، پنڈال میں مجھے ایک بھی کرسی نظر نہیں آ رہی، لوگ ہی اتنے ہیں۔
جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسوں میں ماسک پہن کر آئیں کیوں کہ مجھے آپ کی زندگی کی فکر ہے، لیکن کورونا سے زیادہ خطرناک کو وِڈ 18 ہے، لاہوریوں نے مینار پاکستان کے سائے میں نئی تاریخ رقم کی ہے، لاہور پاکستان کے چاروں صوبوں کو جوڑے گا۔
پی ڈی ایم نے مینار پاکستان پر سیاسی پاور کا مظاہرہ کیا، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز،سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کے کارکنان سے خطاب کیا اور اپنی تقاریر سے انکا لہو گرماتے رہے۔ پی ڈی ایم رہنماؤں نے سٹیج پر ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔
پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی نے مینار پاکستان میں بھر پور پاور شو کیا، جس میں شرکت کے لیے لاہور سمیت پاکستان بھر سے اپوزیشن پارٹیوں کے کارکنان جوک در جوک مینار پاکستان کا رخ کرتے رہے۔ کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور فلیکسز اٹھا رکھے تھے۔ مینار پاکستان، آزادی فلائی اوور اور اطراف میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے فلکسز آویزاں دکھائی دیے جبکہ مینار پاکستان کے چاروں اطراف میلے کا سماں دکھائی دیا۔
کھانے پینے والے سٹالز کی بھرمار دکھائی دی لوگ جلسے کے ساتھ مختلف انواع و اقسام کے کھانوں سے بھی محظوظ ہوتے رہے۔ سکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری تعینات رہی، گیٹ نمبر 5 پر سیاسی پارٹیوں کے بیجز، سکاف، ٹوپیوں سمیت دیگر چیزوں کے سٹالز بھی کارکنان کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
پی ڈی ایم کے جلسے کیلئے پنڈال میں چالیس ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں جبکہ 120 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑ اسٹیج تیار کیا گیا تھا۔منتظمین کا کہنا ہے کہ اسٹیج پر 80 فٹ لمبی اور 20 فٹ چوڑی اسکرین بھی لگائی گئی۔