190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: احتساب عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں ان کے وکیل لطیف کھوسہ اور انتظار پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے۔

لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آج 2 بجے چیئرمین پی ٹی آئی سے اٹک جیل میں ملاقات ہے، ان کے  پاس اپنے شوہر سے ملنے کا ہفتے میں ایک ہی دن ہوتا ہے، نیب نے بھی بشریٰ بی بی کو آج طلبی کا نوٹس بھیجا ہوا ہے، وہ پہلے بھی نیب دفتر پیش ہوچکی ہیں۔

وکیل انتظارپنجوتھا نے کہا کہ نیب کو ہدایات جاری کریں کہ تاریخ میں تعاون کرلیا کریں، اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب کی جانب سے طلبی کا پہلے بتانا ضروری نہیں ہوتا، بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں فی الحال گرفتاری درکار نہیں۔

لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ احتساب عدالت ڈائریکشن جاری کرے کہ اگرنیب کوگرفتاری درکار ہوتوپہلے عدالت سے اجازت لی جائے۔

اس دوران لطیف کھوسہ نے  بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں درخواست ضمانت دائرکی اور مؤقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی کی اگرگرفتاری مطلوب ہو تو پہلےآگاہ کیا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں26 ستمبر تک ضمانت میں توسیع کردی اور  190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 26 ستمبرتک ضمانت منظور کرلی جس کے بعد بشریٰ بی بی جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ ہوگئیں۔