وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کیلئے احسن اقدام

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کیلئے احسن اقدام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (درنایاب)نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کے لئے احسن اقدام، 19سال بعدپٹرولنگ کے لئے313نئی گاڑیاں مل گئیں ۔ 

 تفصیلا ت کے مطابق وزیراعلی آفس میں پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو نئی گاڑیاں اور یونیفارم دینے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو نئی گاڑیوں کی چابیاں دیں اور یونیفارم دیا، وزیراعلی نے پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کی نئی گاڑیوں کامعائنہ کیا اور یونیفارم کو چیک کیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے 19سال بعد پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو 313نئی گاڑیاں دی ہیں،4-2003 کے بعد  پٹرولنگ پولیس کو صرف47گاڑیاں دی گئیں،سال میں 2یونیفارم پولیس اہلکاروں اور افسروں کو دینا حکومت کا فرض ہے،انشاء اللہ آئندہ سے ہر جوان اور سینئر پولیس افسر کو 2یونیفارم دئیے جائیں گے،اس ضمن میں مزید فنڈز دیں گے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو ایکسل لوڈ چیک کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے،پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس نے ایکسل لوڈ کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی تو یہ پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس سے آگے جائے گی،پولیس کے خدمت مراکز بھی کام کررہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہمیں تھانہ کلچر کو بھی تبدیل کرنا ہے۔

 محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تھانے میں عام آدمی کو انصاف دینا ہے،پنجاب میں 750تھانوں کی اپ گریڈیشن کا پلان مرتب کیا ہے،تھانوں کی اپ گریڈیشن کے لئے1ارب90کروڑ روپے فنڈز ریلیز کررہے ہیں،کئی تھانوں کے پاس اپنی جگہ نہیں ہے،لاہور جیسے شہر میں بھی تھانوں کی اپنی عمارت نہیں،میں نے سمن آباد تھانے کا دورہ کیا،وہاں انسان کا رہنا محال ہے،پولیس والے ایسے تھانوں میں بھی کام کررہے ہیں،پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کے لئے جو ممکن ہوا وہ کریں گے،پنجاب حکومت پٹرولنگ پولیس کو پورا سپورٹ کرے گی۔