سٹی42: ویکسی نیشن کو’’ہاں‘‘ کورونا کو ’’ناں‘‘ ۔۔۔،پنجاب حکومت نےکورونا کی چوتھی لہر سےبچاؤکیلئےاقدامات شروع کردیئے ، سرکاری ملازمین کو عیدسے قبل ویکسین لگوانے کی ہدایت،ایڈیشنل چیف سیکرٹری نےسیکرٹریز سےویکسی نیشن کروانے والےملازمین کاڈیٹا مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کی چوتھی لہر سے بچاؤ کیلئےاقدامات کرنےکاسلسلہ جاری ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری نے سرکاری ملازمین کو عیدسے قبل ویکسین لگوانےکی ہدایت کردی ہے ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری نےسیکرٹریزسےویکسی نیشن کروانے والے ملازمین کاڈیٹا بھی مانگ لیاہے ۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا ہے کہ جن ملازمین نے ویکسی نیشن کروا لی ہے، ان کا ڈیٹا پانچ روز کے اندر اندر بھجوایا جائے۔ذرائع کے مطابق ابھی تک 71فیصد سرکاری ملازمین خود کو ویکسینیٹ کروا چکے ہیں۔ ویلفیئر ونگ کے ذریعے ویکسی نیشن کروانے والے ملازمین کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔ ارم بخاری کا کہنا تھا کہ سرکاری امور کو بہتر طریقے سے جاری رکھنے کیلئے تمام ملازمین کی ویکسی نیشن نا گزیر ہے۔
لاہور میں کورونا کیسز کی مثبت شرح میں اضافہ ہو گیا۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 139نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کہ مثبت کیسزکی شرح 2.4 فیصد تک پہنچ گئی۔شہر میں24گھنٹوں میں کورونا سےکوئی موت نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ملکی مجموعی صورتحال کی بات کی جائے تو گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 15 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 597 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 92 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، پنجاب میں 3 لاکھ 48 ہزار 309، سندھ میں 3 لاکھ 47 ہزار 478، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 463، بلوچستان میں 27 ہزار 994، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 904، اسلام آباد میں 83 ہزار 764 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 180 کیسز رپورٹ ہوئے۔