ویب ڈیسک: بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے اپنے پانچ ماہ کا حمل ضائع ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
رانی مکھرجی نے حال ہی میں انڈین فلم فیسٹیول میلبرن کے خصوصی ایونٹ میں شرکت کی جہاں گفتگو کے دوران اداکارہ نے اپنے شوبز کیرئیر کے مختلف مراحل پر بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے نجی زندگی سے متعلق بھی انکشافات کیے۔اداکارہ نے بتایا کہ عالمی وبا کووڈ 19 میں ان کا 5 ماہ کا حمل ضائع ہوگیا تھا۔انہوں نے اپنی نئی فلم ’مسز چیٹرجی ورسز ناروے‘ کی تشہیری مہم کے دوران اپنے مس کیرج کے واقعہ کو اس لیے بیان نہیں کیا کیونکہ لوگ اسے ایک تشہیری طریقہ سمجھتے۔
رانی کے مطابق وہ 2020 میں دوسری مرتبہ حاملہ ہوئی تھیں لیکن اس بچے کی پیدائش نہ ہوسکی، ان کے حمل ضائع ہونے کے 10 دن بعد فلم کے پروڈیوسر نے اسکرپٹ کے ساتھ رابطہ کیا اور انہیں فلم کی کہانی اپنی ذہنی حالت سے قریب محسوس ہوئی۔واضح رہے کہ فلم ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ مارچ 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم کتاب جرنی آف مدر (ماں کا سفر) پر مبنی تھی، یہ فلم سچے واقعہ پر مبنی ہے جو تقریباً 12 سال قبل ناروے میں ایک بھارتی جوڑے کے ساتھ پیش آیا تھا۔