(مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مدرسے میں ہونے والے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔
گزشتہ روز کابل کے ایک مدرسے میں ہونے والے خودکش حملے میں افغان مدارس کے ڈائریکٹر شیخ رحیم اللہ حقانی جاں بحق ہو گئے تھے۔
افغان طالبان نے شیخ رحیم اللہ حقانی کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کرنے کا کہا تھااور کہا تھا کہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خود کش بمبار کون ہے اور اسے اتنی اہم جگہ پر لیکر کون آیا .
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے ٹیلی گرام چینل پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
خیال رہے کہ شیخ رحیم اللہ حقانی کا شمار اہم طالبان رہنماؤں میں کیا جاتا تھا اور وہ داعش کے خلاف سخت گیر مؤقف رکھتے تھے، ان پر اس سے قبل بھی دو حملے ہو چکے تھے جن میں سے ایک 2020 میں پاکستان کے شہر پشاور میں ہوا تھا جس میں 7 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔