(سٹی42) کاروبار کے حوالے سے خبر ہے کہ سونا 350 روپے فی تولہ مہنگا جبکہ ڈالر سستا 80 پیسےمہنگا ہوگیا ہے۔
صرافہ بازاروں میں کاروبار کے آغاز پرسونا 350 روپے مہنگا, 24 قیراط فی تولہ سونا 95 ہزار 150 روپے کا ہوگیا. 22 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت87 ہزار200 روپےہو گئی.واضح رہے کہ گزشتہ روز سونا 1 ہزار روپے فی تولہ مہنگا ہوا تھا۔
عوام سونے کی بڑھتی قیمتوں سے کافی پریشان ہیں۔ صدر لاہور ڈویژن صرافہ ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں سونے کی تجارت میں تیزی دیکھی جارہی ہے، کرونا وائرس کے باعث دیگر شعبوں کی تجارت زوال پذیر ہے، اس لئے غیر ملکی سرمایہ کار سونے کی خریداری کررہے ہیں، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
کاروباری دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضٓفہ دیکھا گیا۔ انٹربینک میں ڈالر80 پیسے مہنگا ہوگیا۔ انٹربینک میں ڈالر158 روپےسے بلند کی سطح پردیکھا جارہا ہے جبکہ گزشتہ روز ایک ہی روز میں ڈالر کی قیمت میں تین روپے دس پیسے تک کا اضافہ ہوگیا تھا۔ کل بروز پیر کاروباری دن کے اختتام سے پر انٹر بنک میں ڈالر 157.20 پیسے پر بند ہوا جبکہ کاروباری دن کے آغاز پر انٹر بنک میں ڈالر 154 روپے 25 پیسے پر دیکھا گیا تھا تاہم مجموعی طور پر انٹر بنک میں ڈالر2 روپے 95 پیسے مہنگا ہوا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت ایک سو ستاون روپے ستر پیسے پر بند ہوئی۔
دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں اضافے پر صنعتکار اور تاجر پریشان ہیں، صنعتکاروں اور تاجروں نے حکومت سے فوری طور پر معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ چئیرمین پیاف میاں نعمان کبیر کہتے ہیں کہ موجودہ عالمی حالات کو دیکھتے ہوئے ڈالر کی قیمت میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو کنٹرول کرے تاکہ مہنگائی کا نیا آنے والا طوفان تھم سکے۔