سٹی42: وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہےکہ پنجاب میں یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، 2 لاکھ ٹن کھاد 20 دسمبر سے آنا شروع ہوجائے گی۔
لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے یوریا کھادکی کمی پورا کرنے سے متعلق بات ہوئی ہے، انہوں نے وفاقی وزرا کو ہدایات جاری کردی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ یوریا کھاد کی کمی جلد سے جلد پوری ہوجائے۔
پنجاب بھر میں یوریا کھاد کی قلت کا بہانہ بنا کر کھاد کے ڈیلر 3 ہزار 750 روپے کی کھاد کی بوری 5 ہزار 200 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ڈیلر اور ذخیرہ اندوز مصنوعی قلت پیدا کر کے کھاد بلیک میں فروخت کر رہے ہیں۔
کسانوں کا کہنا ہےکہ گندم کی فصل اس وقت جس مرحلے سے گزر رہی ہے، یوریا کھاد اس کی بنیادی ضرورت ہے، جس کی عدم دستیابی کی صورت میں گندم کی پیداوار کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔