( قیصر کھوکھر )بے روزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری، پنجاب حکومت نے اپنا روزگار سکیم کا حجم بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل، محکمہ خزانہ، محکمہ صنعت اور پنجاب بینک کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس کے بعد خصوصی گفتگو میں سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل نے بتایا کہ اجلاس میں دو اہم فیصلے ہوئے ہیں۔ اپنا روزگار سکیم کا حجم بڑھا کر 30 ارب روپے تک کیا جارہا ہے جبکہ اس سے قبل اس سکیم کا حجم صرف 9 ارب روپے تھا۔
سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ اس روزگار سکیم کے تحت لاکھوں لوگوں کو آسان شرائط پر قرضہ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب بینک سے معاملات طے کئے جارہے ہیں کہ اس قرضے پر سود کی شرح کم سے کم ہو تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔
دوسری جانب کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی کیلئے آسان قرضوں کا پروگرام پنجاب روزگار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 5 سے 10 لاکھ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے۔ دوسر ے مرحلے میں قرضوں کی حد 50 لاکھ تک بڑھائی جائے گی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب روزگار سکیم کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں اس پروگرام کیلئے ساڑھے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کی فراہمی کیلئے شفاف نظام وضع کیا جائے گا۔ سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر شفاف نظام کے تحت یہ آسان قرضہ دیئے جائیں گے۔