قذافی بٹ : مریم نواز کی پیشی پر پتھرائو،حکومتی ردعمل سامنے آگیا ۔
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ بیگم صفدر اعوان کی جلوس کے ساتھ نیب حاضری "نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی" کے مترادف ہے، بیگم صفدر اعوان کا دعویٰ تھا کہ انکی لندن تو کیا، پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ۔ آج سینکڑوں کنال اراضی کی رجسٹریاں اور ملکیتی کاغذات انکا منہ چڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ بیگم صفدر اعوان شرمندگی، انکساری اور عاجزی کیساتھ نیب پیش ہوتیں لیکن ان کی چوری کے اوپر سینہ زوری، ڈھٹائی اور جرات کو سلام ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنان "جنج ٹر پئی واجیاں نال میں لڈیاں پاواں" کے مصداق بھنگڑے ڈال رہے تھے۔ لیگی قائدین اپنے کارکنان کو بتائیں کہ یہ ذلت، کرپشن، جگ ہنسائی اور لوٹ مار کی جنج تھی۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ پانامہ رانی کا کرپشن کی بارات کیساتھ نیب میں پیش ہونابھی منفرد مثال ہے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نیب دفتر کے باہر امن و امان کی صورتحال پیدا کی گئی،مریم صفدر نے اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے کارکنوں کو ایندھن بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے،مریم صفدر نے ہر موقع پر اپنی منفی ذہنیت اور انتشار پر مبنی سوچ کا واضح اظہار کیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ مریم صفدر قومی اداروں سے بغض رکھتی ہیں، یہ سوچ کسی طرح بھی قابل ستائش نہیں ۔ ایسی انتشار پسند خاتون وزیر اعظم تو کیا یونین کونسل کی کونسلر بننے کے بھی قابل نہیں،کسی بھی جلوس یا ریلی کے موقع پر امن و امان کیلئے پولیس تعینا ت کرنا پڑتی ہے ، لیگی کارکنوں نے مریم صفدر کے ہمراہ جانے کیلئے زبردستی بیرئیر ہٹائے ،شدید پتھرائو کیا ، مشتعل کارکنوں نے نہتی خواتین پولیس اہلکاروں پر بھی پتھرائو کیا اور دھاوا بولا ، ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ ریلی کے ہمراہ موجود لیگی قیادت کا خاموش رہنا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔