ویب ڈیسک:سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کا مقصد شہر کی سکیورٹی یقینی بنانا،ملک دشمن عناصر کی سرکوبی ہے۔مشکوک افراد ،مشتبہ گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں اور چیکنگ یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر لاہور پولیس ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے الرٹ ہوگئی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پرشہر بھر میں جنرل ہولڈ اپ اورسرچ آپریشنز شروع کردیے گئے۔شہر کے داخلی و خارجی ناکوں پر مشکوک اشخاص گاڑیوں کی چیکنگ مزید سخت کردی گئی۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ امام بارگاہوں، مساجد، مزارات، مارکیٹوں،کرائم ہاٹ سپاٹس، نوٹ پوائنٹس،حساس مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں۔ایس ایچ اوز اور متعلقہ افسران اپنے علاقوں میں ان ناکوں پر خود موجود ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس پیز ،سپروائزری افسران ناکوں پر چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیں اور نفری کو بریف کریں۔ناکہ بندی کا مقصد شہر کی سکیورٹی یقینی بنانا،ملک دشمن عناصر کی سرکوبی ہے۔مشکوک افراد ،مشتبہ گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں اور چیکنگ یقینی بنائیں۔
سی سی پی او نے کہا کہ ناکوں پر تعینات اہلکار الرٹ رہیں،سڑک کے دونوں اطراف کی آمدورفت پر نظر رکھیں۔عبادت گاہوں،غیر ملکی قونصلیٹس،حساس مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔ڈولفن سکواڈ،پی آر یو ،تھانوں کی گاڑیاں امام بارگاہوں،مذہبی مقامات کے اطراف موثر گشت جاری رکھیں۔