ویب ڈیسک: اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کا عہدےکا حلف اٹھانےکا ایک سال مکمل ہونے پر بیان سامنے آیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہےکہ مجھے مخلوط حکومت کے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائے آج ایک سال ہو رہا ہے، یہ بڑے چیلنجوں اور مشکلات کا وقت رہا ہے، عمران نیازی حکومت کے خلاف عدم اعتمادکی ووٹنگ بے مثال تھی، عدم اعتماد کے ووٹ کی منظوری کے بعد پی ڈی ایم اقتدار میں آئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ تقریباً تمام سیاسی قوتوں نے پارلیمنٹ کے فورم پر غیرمقبول حکومت کو بذریعہ ووٹ باہر نکالا، مشترکہ قومی مقصدکے لیے سیاسی جماعتوں کا اکٹھا ہونا ملک کے سیاسی ارتقا میں اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بچھائی گئی اقتصادی بارودی سرنگوں کے باوجود پاکستان کی معیشت بدستور رواں دواں ہے، ڈیفالٹ کی تمام پیش گوئیاں غلط الارم ثابت ہوئیں، معیشت کی بحالی کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، اتحادی حکومت پاکستان کے سفارتی تعلقات کی مرمت اور تعمیر نو کی اسٹیج پر ہے، سفارتی تعلقات اور تعمیر نو کو نیازی حکومت نے شدید دھچکا پہنچایا۔شہباز شریف کا کہنا ہےکہ ایک سال میں ہم نے ایک پارٹنرکے طور پر پاکستان کی ساکھ قائم کرنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی، پاکستان کو گزشتہ سال بے مثال سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، حکومت نے بچاؤ ریلیف اور بحالی کی کوششیں کیں، لاکھوں لوگوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا اور عالمی برادری کو متحرک کیا، سیلاب کے حوالے سے ریلیف کےکاموں کو دنیا نے شاندار تسلیم کیا۔
ان کا کہنا ہےکہ حکومت نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ پیش کرنےکے لیے موسمیاتی ڈپلومیسی کا استعمال کیا، جی 77 کے چیئر کے طور پر حکومت پاکستان نے فنڈکے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جنیوا میں 9 ارب امریکی ڈالرکا وعدہ ہماری کامیاب سفارت کاری کا ثبوت ہے، گزشتہ ایک سال میں توانائی کے شعبے میں حکومت نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کیں۔