مانیٹرنگ ڈیسک: سعودی عرب اور امریکا نے بین البراعظمی گرین ٹرانزٹ کوریڈور کے قیام کے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اور امریکی حکومت کے درمیان طے ہونے والا دو طرفہ ایم او یو براعظم ایشیا کو سعودی مملکت کے ذریعے براعظم یورپ سے جوڑے گا جو کہ بین البراعظمی گرین ٹرانزٹ کوریڈور کا قیام ہے۔
سعودی میڈیا نے حکومت کی جانب سے دیے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مملکت متعلقہ ممالک کے ساتھ گرین کوریڈور ٹرانزٹ پروٹوکول پر مبنی مذاکرات، قیام اور عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے اور معاونت فراہم کرنے کے لیے امریکا کے کردار کا خیرمقدم کرتی ہے۔
مذکورہ بالا معاہدہ بین البراعظمی گرین ٹرانزٹ کوریڈور کے لیے پروٹوکول اور اسکا فریم ورک فراہم کرتا ہے جس کا مقصد قابل تجدید بجلی اور صاف ہائیڈروجن کو ٹرانسمیشن کیبلز اور پائپ لائنوں کے ذریعے منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ریل رابطوں کی تعمیر میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں اس کا مقصد توانائی کی حفاظت کو بڑھانا، صاف توانائی کی ترقی کے لیے کوششوں کی حمایت کرنا، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے ذریعے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا اور فائبر کیبلز کے ذریعے ڈیٹا کی ترسیل اور ریل اور بندرگاہوں کے ذریعے سامان کی تجارت اور نقل و حمل کو فروغ دینا ہے۔