امام کعبہ نے نواز شریف کی دعوت ٹھکرا دی

امام کعبہ نے نواز شریف کی دعوت ٹھکرا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عمر اسلم) امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمد ابراہیم آل طالب کا تین روزہ دورہ لاہور کا آج آخری دن ہے، ان کا اگلا پڑاؤ اسلام آباد ہے، اپنے دورے کے دوران انہوں نے مخلتف علمائے کرام اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

 گزشتہ روز انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کی کانفرنس میں شرکت کی اور خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت بھی کروائی۔امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے خطبہ جمعہ کے دوران امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اسلام کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کی جا رہی ہے، مگر اسلام سراپا رحمت اور پرامن دین ہے۔

امام کعبہ کا کہنا تھا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، امت مسلمہ اختلافات ختم کر کے اتحاد قائم کرے۔ اختلاف پیدا ہوں تو دشمن کو مداخلت کا موقع مل جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہمارے دل پاکستانی قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ امام کعبہ نے اپنے خطاب میں تقوی، اصلاح اور گناہوں سے مغفرت کی بھی تلقین کی۔

آج وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے امام کعبہ ڈاکٹرالشیخ صالح بن محمد آل طالب سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے امام کعبہ کا گرم جوشی سے استقبال کیا جبکہ امام کعبہ سےعربی زبان میں گفتگو بھی کی۔ 

امام کعبہ نےلاہورسمیت پنجاب بھر میں ترقیاتی کاموں پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹیجک پارٹنر ہیں، پاکستان اور سعودیہ کے تعلقات روز بروز مزید بہتر ہو رہے ہیں، وہ پاکستانی عوام اورپاک افواج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخی اور مذہبی بنیادوں پر قائم ہیں۔ سعودی عرب نے ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، پاکستان کے عوام سعودی عرب سے دلی عقیدت رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  آج صبح سابق وزیراعظم نواز شریف نے امام کعبہ کو رائے ونڈ جاتی امرا میں ناشتے  کی دعوت تھی جسے امام کعبہ نے ٹھکرا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے امام کعبہ کو یہ پیشکش بھی کی کہ وہ خود ہوٹل آجاتے ہیں اور وہیں ناشتہ بھی کر لیا جائے گا اور ملاقات بھی لیکن اس پر بھی امام کعبہ نے معذرت کرلی.

امام کعبہ کا کہنا تھا کہ کسی متنازعہ شخصیت سے نہیں ملنا چاہتا۔