(سٹی42) خواجہ سراؤں کے دو دھڑوں میں لڑائی کا معاملہ حل نہ ہوسکا،چار خواجہ سراءضمانت کرانے سیشن عدالت پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج رائے نواز مارتھ نےخواجہ سراؤں کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، خواجہ سراء ریما خان،شبنم مجید، آسیہ اور شمیم کے خلاف تھانہ شالیمار میں پرچہ درج ہوا، خواجہ سرا نثار عرف گوری کی درخواست پر پرچہ درج کیا گیا تھا،ملزمان خواجہ سراؤں کی جانب سے ملک اسلم ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، خواجہ سراؤں پر نثار عرف گوری کے گھر عید کے دنوں میں فائرنگ کرانے کا الزام ہے جبکہ ملزمان خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ ہمارے پہلے ایک گروپ تھا اب ہم نے اپنا الگ گروپ بنا لیا ہے۔
خواجہ سراؤں نے عدالت کو بتایا کہ نثار عرف گوری نے حسد کی وجہ سے جھوٹا الزام لگا کر پرچہ درج کرایا ہم معصوم ہیں،عدالت نے تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے خواجہ سراء کی عبوری ضمانت منظور کر لی، عدالت پیشی کے موقع پر خواجہ سراء نقاب کرکے اپنے چہرے چھپاتے رہے۔