سٹی 42: بھارت میں پھنسے مزید 75 پاکستانی اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے مطابق بھارت میں پھنسے مزید 75 پاکستانیوں کو وطن واپس منتقل کر دیا گیا ہے اور ان پاکستانیوں کی واپسی وزارت خارجہ، داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث واہگہ اور اٹاری بارڈر بند ہونے سے یہ پاکستانی بھارت کے مختلف شہروں میں پھنس گئے تھے۔ 20 مارچ سے اب تک 500 پاکستانیوں کو بھارت سے واپس وطن منتقل کیا جا چکا ہے جب کہ بھارت میں پھنسے باقی پاکستانی شہریوں کی جلد وطن واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے حملے جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 61 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 24 ہزار 333 کورونا ٹیسٹ کئے گئے،اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 14 لاکھ 91 ہزار 437 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 3 ہزار 359 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس وقت ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 848 ہے، ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 90 ہزار 554 ہے جبکہ ایک لاکھ 45 ہزار 311 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام بین الاقوامی پروازیں بند کردی گئی تھیں،اب بھی ہزاروں پاکستانی بیرون ممالک پھنسے ہوئے ہیں ،ان پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے حکومت نے خصوصی پروازوں کا اہتمام کیا ہے،ان کو مرحلہ وار واپس لایا جارہا ہے۔
ادھر دنیا میں کورونا وائرس کے وار کم نہ ہوئے،اب تک دنیا بھر میں ایک کروڑ 21 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں،پانچ لاکھ 52ہزار سے زائد انسان لقمہ اجل بن چکے ہیں،صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد 70لاکھ سے زیادہ ہے۔ کورونا وائرس کے دبائو کو روکنے کیلئے دنیا بھر میں لاک ڈائون کیا گیا،احتیاطی تدابیر کو اپنا یا گیا ہے، بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے تیسرے نمبر پر آچکا ہے۔