(عیشہ خان ) نشتر کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ تین مزدور زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی، جس کی وجہ سے چار مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق چھت گرنے سے ارشد نامی مزدور جاں بحق ہو گیا جبکہ وسیم، صابر اور نوید کو زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے ایک مزدور کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کام پندرہ روز سے جاری تھا۔ وہ کام کر رہے تھے کہ اچانک چھت زمین بوس ہو گئی۔
پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور جاں بحق ہونے والے مزدور کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں