( ریحان گل ) محکمہ ہائرایجوکیشن نےتمام تعلیمی بورڈز کو 5 ستمبر تک میٹرک کا نتیجہ تیار کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
کورونا وائرس کے باعث میٹرک کے پریکٹیکلز، نویں اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے تھے، میٹرک کے پرچوں کی چیکنگ بھی تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔ پنجاب حکومت کی اجازت کے بعد جون کے دوسرے ہفتے میں پرچوں کی چیکنگ کا آغاز کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے لاہور سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈزکو 5 ستمبر تک پرچوں کی چیکنگ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، بیشتر تعلیمی بورڈز 70 فیصد تک چیکنگ مکمل کرچکے ہیں، ایک ہی وقت میں تمام بورڈز کا نتیجہ جاری کیا جائےگا جبکہ میٹرک کے پریکٹیکلز کے نمبرز طے شدہ فارمولا کے تحت لگائے جائیں گے۔ 15 ستمبرسے کالجز کھلتے ہی گیارہویں جماعت میں داخلے مکمل کرلیے جائیں گے۔
دوسری جانب پہلی سےدہم جماعت کے لیے سمارٹ نصاب تیارکرنے پر کام جاری کردیاگیا۔سمارٹ سلیبس کا اقدام کوروناوائرس کےباعث تعلیمی نقصان پورا کرنےکیلئے کیا جارہا ہے۔سمارٹ سلیبس کی تیاری کے لئے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کےزیر نگرانی ماہراساتذہ سےمشاورت کا سلسلہ جاری ہے،صوبہ بھر کے سرکاری ونجی سکولزکی مینیجمنٹ کو بھی سمارٹ سلیبس ارسال کیا جا ئےگا۔
مذکورہ سکولوں کو سمارٹ سلیبس آن لائن بھی دستیاب ہوگا،تمام سبجیکٹس کےاسباق میں سے اہم موضوعات کی فہرست تیار کی جائے گی،تعلیمی بورڈز کے پرچہ جات بھی سمارٹ سلیبس کےتحت بنائے جائیں گے۔