(سٹی 42) موسم سرما کی آمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سرکاری و نجی سکولوں کیلئے نئے اوقات کار جاری کردیئے، نئے اوقات کار کا اطلاق 15 اکتوبر سے ہوگا۔
موسم سرما میں سکولوں کیلئے جاری کردہ اوقات کار کے مطابق بوائز سکول صبح آٹھ بج کر پنتالیس منٹ اور گرلز سکول صبح ساڑھے آٹھ بجے لگیں گے ، بوائز سکولوں کو چھٹی دو پنتالیس پر ہوگی جبکہ گرلز سکولوں میں چھٹی اڑھائی بجے ہوا کرے گی، انصاف آفٹر نون سکول صبح ساڑھے8 بجے لگیں گے اور چھٹی ساڑھے بارہ بجے ہوگی، سکینڈ شفٹ سکول دوپہر ایک بجے لگیں گے، چھٹی پانچ بجے ہوگی، جمعہ کے روز سنگل شفٹ سکولوں کو 12 بجے چھٹی ہوگی۔
جمعہ کے روز سکینڈ شفٹ سکول اڑھائی بجے لگیں گے، چھٹی ساڑھے پانچ بجے ہوگی ، سکولوں کے نئے اوقات کار کا اطلاق 15 اکتوبر سے ہوگا، مذکورہ اوقات کار پر عملدرآمد پندرہ مارچ تک جاری رہے گا۔
واضح رہےکہ دو روز قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے 11 اکتوبر سے تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھولنےکا اعلان کیا، این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہےکہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد کیا گیا ، اب کورونا کیسز میں کمی کے باعث ایک دن کا وقفہ ختم کردیا گیا ہے اور اب بچے پورا ہفتہ سکول جائیں گے ۔