( شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم میں گروپ بندی کے تاثر کو بے بنیاد قرار دے دیا، میگا ایونٹ میں بیٹنگ میں ٹاپ پرفارمرز نے ورلڈ کپ میں اپنی انفرادی اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بلے بازوں بابر اعظم اور امام الحق کا کہنا تھا کہ یہ دونوں کا پہلا ورلڈ کپ تھا اور وہ اس ایونٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کپتان اور نائب کپتان بنانا بورڈ کا کام ہے، میری توجہ صرف اور کارکردگی دکھانے پر ہے، ورلڈ کپ میں ٹیم نے پانچ میچوں بعد بہترین کم بیک کیا بد قسمتی سے سیمی فائنل تک نہیں پہنچ سکے۔
اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والوں کی پرواہ نہیں کرتا، سلیکشن کمیٹی بدلنے یا نہ بدلنے سے فرق نہیں پڑتا، مجھے اللہ پر یقین ہے اور عزت و ذلت دینے والی وہی ذات ہے۔ ورلڈ کپ میں عظیم جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے کو بابر اعظم نے اپنے لئے بڑا اعزاز کہا جبکہ امام الحق نے بھی میگا ایونٹ کو اپنی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے اہم قراردیا۔