(قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان نے تاجروں کی ہڑتال ختم کرانے کا ٹاسک وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو سونپ دیا، روزانہ کی بنیاد پر تاجروں سےمذاکرات کی رپورٹ بھی بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔
تبدیلی سرکار کا تاجروں کی ہڑتال پہلا امتحان، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ملاقات میں طے کیا گیاکہ 13 جولائی کی ہڑتال ہر صورت ناکام یا ختم کرائی جائے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تاجروں سے خود ملاقات کریں گے اور انہیں وزیر اعظم کی جانب سے انکے مسائل اور تحفظات حل کرانے کی یقین دہانی کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تاجروں سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، اجلاس میں کمیٹی کے اراکین انہیں تاجروں سے ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کریں گے، اس پیش رفت کی روشنی میں ہی پنجاب حکومت اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔