سیلاب متاثرین کیلئے بین الاقوامی کانفرنس میں بڑی امدادکا اعلان

Geneva conference
کیپشن: Geneva conference
سورس: Twitter
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس کے دوران یورپین یونین کمیشن نے 50 کروڑ یورو اور فرانس نے ایک کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

جنیوا میں جاری کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانسیسی صدر ایمانیوئیل میکرون اور دیگر سربراہان مملکت نے خطاب کیا۔

وزیر اعظم نے بین الاقوامی موسمیاتی کانفرنس برائے پاکستان میں سیلاب متاثرین اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا پلان پيش کر ديا۔پلان کے مطابق پاکستان کو متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے ساڑھے 16 ارب ڈالر عالمی امداد درکار ہیں۔ 10 ارب ڈالر بنيادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر خرچ ہوں گے۔

روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری سرگرمیوِں کی بحالی کے لئے 4 ارب 35 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ انتظامی امور کی انجام دہی اور حکومتی اداروں کی استعداد بڑھانے کيلئے 41 کروڑ 30 لاکھ ڈالر درکار ہوں گے۔

اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی سماجی سرگرمیوں میں شمولیت یقینی بنانے اور ان کی بحالی پر 1 ارب 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر خرچ ہوں گے۔ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب نےمعیشت کو بری طرح متاثر کیا، سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا، متاثرہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کے لیے اسکول موجود نہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سیلاب متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک کوششیں جاری رکھیں گے، مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں۔یورپی کمیشن کے صدر نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو ہرشعبے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ یورو امداد کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کانفرنس میں تمام شرکا کی آمد پر مشکور ہوں، آج پاکستان کو سیلاب کی وجہ سے درپیش مسائل پر بات کرنے آیا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ برس ستمبر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ساتھ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کادورہ کیا، پاکستان کے عوام انتونیو گوتریس کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

فرانسیسی صدر نے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو جو نقصان ہوا وہ کسی اور ملک کو بھی ہوسکتا ہے، دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کام کرنے اشد ضرورت ہے، فرانس کے عوام اور حکومت مشکل میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔