محکمہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری

محکمہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ناصر علی) محکمہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کا مال روڈ پر احتجاج دوسرے روز میں داخل ہوگیا، کوئی حکومتی عہدیدار مذاکرات کے لئے نہ آیا، مظاہرین نے مطالبات پورے نہ ہونے تک مال روڈ ٹریفک کے لئے بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

مال روڈ چیئرنگ کراس مختلف تنظیموں کے احتجاج کا مرکز بن گیا۔ محکمہ سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز بھی مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے بیٹھ گئے۔ احتجاج سے مال روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاجی ملازمین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ حکومت محکمہ ہیلتھ کے لئے انکی خدمات کا استحصال کر رہی ہے اور دس سال گزر جانے کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا جس کی وجہ سے وہ پریشان ہیں۔

احتجاج کو چوبیس گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی کوئی حکومتی عہدیدار ملازمین سے مذاکرات کرنے نہیں آیا۔ ملازمین نے حکومت کو جلد انکے مطالبات پورے نہ کرنے کی صورت میں مال روڈ چیئرنگ کراس کو مستقل دھرنا گاہ میں بدلنے کی دھمکی دے دی۔