(علی ساہی) اوپن لیٹر پر گاڑیاں و موٹرسائیکلیں چلانے والوں کیلئے اہم خبر، محکمہ ایکسائز نے شہریوں کو گاڑیاں اپنے نام پر کروانے کیلئے 10 روز کی مہلت دے دی ہے جس کے بعد ان کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
سیف سٹی اتھارٹی کو اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی وجہ سے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کیونکہ جب چالان پرانے مالکان کے گھر جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم گاڑی فروخت کرچکے ہیں ،جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں چالان جمع نہیں ہورہے۔
ای چالاننگ کو موثر بنانے کیلئے محکمہ ایکسائز حرکت میں آگیا، شہر میں اوپن لیٹر پر چلنے والی ساڑھے 8 لاکھ سے زائد گاڑیاں وموٹرسائیکلوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ محکمہ ایکسائز نے ساڑھے 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں اور 5 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلوں کی لسٹ مرتب کر لی۔ ان میں سے ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں لیزنگ کمپنیوں اور بینکوں کے نام پر ہیں۔ جبکہ باقی ٹرانسفر ڈیڈ جاری ہونے کے باوجود ٹرانسفرنہیں ہوئیں۔
ایم آر اے لاہور عدیل امجد کا کہنا ہے کہ اوپن لیٹر پر گاڑی چلانے والوں کو 10 روز کی مہلت دے دی ہے، گاڑی ٹرانسفر نہ کرانے والے مالکان کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔