مہر عمران : پب جی گیم نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، بھتہ خوروں نے پب جی گیم کے ذریعے 14 سالہ لڑکے کو حراساں کرکے 200 تولہ سونا لوٹ لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملتان میں پب جی گیم کے ذریعے 14 سالہ لڑکے کو حراساں کر کے کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹنے والے گینگ کا انکشاف ہوا۔ ملزمان نے 14 سالہ حارث کو ذہنی طور پر مفلوج کرکے 200 تولے سونے کے بسکٹ (4 کروڑ روپے) ہتھیالیے۔ ممتازاباد کا رہائشی 14 سالہ حارث آٹھویں جماعت کا طالبعلم ہے۔ حارث کا والد چوہدری افتخار نجی فیکٹری کا مالک ہے۔ حارث کے والد کی مدعیت میں پولیس تھانہ بستی ملوک نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق حارث سے حیدرآباد کے رہائشی ارسلان اور راشد وغیرہ نے پب جی گیم کے ذریعے دوستی کی۔ حارث کو ارسلان اور راشد نے دماغی طور پر مفلوج کرنے کے لیے ڈرایا دھمکایا، اور پب جی گیم چھوڑنے پر مرنے کا عندیہ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ بھتہ خوری کی دفعہ 386 کے تحت درج کیا گیا ، ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پب جی گیم سے نوجوانوں کی خود کشی کے متعدد واقعات رونما ہونے کے بعد پی ٹی اے نے اس پر پابندی عائد کی تھی۔