ویب ڈیسک : کینیڈا میں چاقو سے حملہ کر کے شہریوں کو ہلاک اور زخمی کرنے والا دوسرا ملزم پکڑا گیا۔
کینیڈین پولیس نے چاقوحملہ کا دوسرا ملزم گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق چاقو حملے کے دوسرے ملزم مائلز سینڈرسن کو کمیونٹی سینٹر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ چاقو حملے کا ایک ملزم ڈیمن سینڈرسن دو روز قبل مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیمن سینڈرسن کو ممکنہ طور پر اس کے بھائی مائلز سینڈرسن نے ہی مارا ہے۔
31 سال کے ڈیمین سینڈرسن کی لاش جیمز کری نیشن میں ایک گھر قریب سبزے سے ملی تھی۔ اس علاقے سے حملے کے کئی مقتولین کا تعلق تھا۔واضح رہے کہ تین روز قبل دو ملزمان نے چاقو سے وار کر کے 10 افراد کو ہلاک،18 کوزخمی کردیا تھا۔ حملہ آوروں نےجیمز سمتھ کری نیشن اور قریبی گاؤں ویلڈن میں شہریوں پر13 مختلف مقامات پر حملہ کیا تھا۔
حملے کے بعد ملزمان کے مفرور ہونے سے شہر بھر میں خوف اور خاموشی کی کیفیت طاری رہی۔ پولیس نے شہریوں کو محتاط رہنے اور گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی تھی۔ اس واقعے کو کینیڈا کی حالیہ تاریخ کا بدترین پرتشدد واقعہ قراردیا جا رہاہے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں ایسے یا کسی اور طرح کے تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایسے سانحے بہت عام ہوتے جا رہے ہیں ۔ سسکچیوان اور کینیڈا کے لوگ مشکل اور غم کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔