(زاہد چوہدری) محکمہ پرائمری ہیلتھ کا اہم اقدام،تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ ہوگیا،یونیورسٹیز ، کالجز اور سکولوں سے روزانہ پانچ ہزار سیمپلز لئے جائیں گے،استعداد کار بڑھانے کیلئے سرکاری لیبارٹریز میں تین شفٹوں میں کام ہوگا۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا، این سی او سی کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ صوبے بھر کے مجموعی طور پر 986 تعلیمی اداروں سے سیمپلز لئے جائیں گے۔
383 تعلیمی اداروں سے ہر پندرہ روز بعد سیمپلنگ ہوگی، 603 تعلیمی اداروں سے رینڈم سیمپلنگ کی جائے گی۔ روزانہ پانچ ہزار سے زائد نمونے لئے جائیں گے اور کنٹیکٹ ٹریسنگ بھی ہوگی۔ کورونا سے زیادہ متاثرہ اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کیٹیگری ون اضلاع سے پندرہ روز میں 49ہزار ، کیٹیگری ٹو کے 15 اورتھری کے 13اضلاع سے ہر پندرہ روز میں 20ہزار سے زائدنمونے لیے جائیں گے۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ کے نمونے حاصل کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کی ٹیموں کی ٹریننگ بھی کروائی جائے گی۔