سابق کرکٹر عبدالقادر کے گھر تعزیت کیلئے آنیوالوں کا سلسلہ جاری

سابق کرکٹر عبدالقادر کے گھر تعزیت کیلئے آنیوالوں کا سلسلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہباز علی ) عظیم کرکٹرعبدالقادر کی وفات پر ہر آنکھ اشک بار، مرحوم کے گھر تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، سابق کرکٹر عاقب جاوید، معروف کامیڈین اداکار امانت چن بھی تعزیت کے لئے عبدالقادر کے گھر پہنچے۔

جادو گر اسپنر عبدالقادر کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، عاقب جاوید نے عبدالقادر کے صاحبزادوں کے ساتھ اظہارِ تعزیت کی۔

چئیرمین پی سی بی احسان مانی کہتے ہیں عبدالقادر کی کرکٹ میں گراں قدر خدمات ہیں، ان کی وفات پر تعزیتی ریفرنس کروانے کا ارادہ ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹرعاقب جاوید کہتے ہیں کہ عبدالقادر دلیر اور سچ گو انسان تھے، پاکستان سے باہر چند کرکٹرز کی عزت ہے جن میں ایک عبدالقادر ہیں۔

لیجنڈری لیگ اسپنر کی وفات پر تعزیت کرنے آنے والے کامیڈین امانت چن جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ فرط جذبات سے امانت چن کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور بولے باؤ جی کے ساتھ ایک ہی محلے میں رہے ان کے بہت احسانات ہیں۔

رہنما تحریک انصاف ابرارالحق کہتے ہیں پاکستان سے سچا عاشق رسول چلا گیا، کہا کرتے تھے کہ میں 63 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونا چاہتا ہوں۔

ایم پی اے تحریک انصاف انصاف سعدیہ سہیل نے چھٹیوں کے فوری بعد انفنٹری روڈ اور میاں میر اسٹیڈیم کو عبدالقادر کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرانے کا اعلان کیا۔