( فاران یامین ) ٹائیگر فورس کو ایجوکیٹ کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کہتے ہیں کہ نیب آزاد ادارہ ہے، امید ہے چوہدری برادران کو انصاف ملے گا۔
رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی جانب سے راشن تقسیم کرنے اور ٹائیگر فورس کا افتتاح کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ لاہور میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 83 ہزار نوجوانوں نے ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن کروائی ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ یہ نوجوان بلا معاوضہ گھروں تک راشن پہنچائیں گے، فیلڈ ہسپتال اور یوٹیلیٹی سٹورز پر سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے لیے ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب کمیونٹی کرائسس آتا ہے تو کمیونٹی مل کر مقابلہ کرتی ہے، برطانیہ میں بلدیاتی ادارے موجود ہیں مگر پھر بھی رضاکاروں کی خدمات لی گئیں۔
دوران پریس کانفرنس صحافیوں نے جب ٹائیگر فورس کے درمیان سماجی فاصلہ نہ ہونے کی نشان دہی کی تو عثمان ڈار بولے، انہیں ابھی ایجوکیٹ کرنے کی ضرورت ہے مگر انہوں نے ماسک پہنے ہوئے ہیں۔
عثمان ڈار نے اپوزیشن سے بھی ٹائیگر فورس کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔ چوہدری برادران سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، نیب کا کیس چوہدری برادران کا ذاتی کیس ہے، انہیں انصاف ضرور ملے گا۔