(علی رامے) رواں سال سموگ کا خدشہ پھر منڈلانے لگا، پنجاب حکومت نے سموگ سے نمٹنے کے لئے جامع لائحہ عمل پر کام شروع کردیا، ٹائر جلا کر تیل نکالنے والوں،بیٹری کاٹ کر لیڈ نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے رواں سال سموگ کے خطرے سے نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کو جامع پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے ٹائر جلا کر تیل نکالنے والے یونٹس اوربیٹری کاٹ کر لیڈ نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کسی بھٹے کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی اور دھواں چھوڑنے والی رولنگ ملز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ ماحولیات، انڈسٹریز اور بلدیات کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز کو ذمہ داریاں دی جائیں گی، چیف سیکرٹری نے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ محکموں کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔