لوئر مال (راؤ دلشاد) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے استعمال ہونیوالے حفاظتی سامان کی مزید خریداری سے ہاتھ کھڑے کردیئے، حفاظتی سامان کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو مون سون سیزن اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان کی ترسیل کی درخواست کردی گئی، فیس ماسک، گلوز، سینی ٹائزر، حفاظتی کٹس، ماسکیٹو نیٹ سمیت دیگر سامان کے حصول کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
مراسلہ کے مطابق 50 ہزار فیس ماسک ،40 ہزار سینی ٹائزرز ،5 ہزار فل باڈی حفاظتی کٹس، 20 ہزار گلوز ،ایک ہزار موسکیٹو کٹس، 5 ہزار چادریں فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
دوسری جانب میٹروپولیٹن کارپوریشن نے15 کروڑ کی تین میگا ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز کی نیلامی کردی ، پری کوالیفکیشن کے بعد 10 فرمز نے اوپن ٹینڈرز کی نیلامی میں حصہ لیا، شملہ پہاڑی کے ریسٹرکچرنگ کے4 کروڑ 78 لاکھ کےپروجیکٹ کاٹینڈر ماڈرن کنسٹرکشن نے حاصل کرلیا ، ماڈرن کنسٹرکشن نے18 فیصدکم بولی دیکر ٹھیکہ حاصل کیا۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کورونا کے مریض بتدریج کم ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 334 نئے کیسز جبکہ 5 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد لاہور میں کورونا سے مجموعی طور پر 725 اموات ہوچکی ہیں اور کیسز کی تعداد 42998 ہوگئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 5لاکھ 86ہزار 113ہے ،جبکہ صوبے میں کنفرم کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد83ہزار 599 ہو چکی ہے، پنجاب میں اب تک کوروناوائرس کے باعث 1 ہزار 929 مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں جبکہ 50ہزار916مریض وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔