( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کرکٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے ہیں، ہم اپنی ہوم سیریز اپنے ملک میں کھیلیں گے، مصباح الحق فیصلے مشاورت سے کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کہتے ہیں کرکٹ کمیٹی کے چئیرمین کا اعلان آئندہ سال جنوری تک کردیا جائے گا۔ کمیٹی کا چئیرمین سابق کرکٹر ہوگا، کرکٹ کمیٹی آزاد اور اس کی اپنی اہمیت ہوگی۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ایک ہی ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کا تجربہ کیا، ایک سال بعد نتائج کا جائزہ لیں گے۔ ایک شخص کو اختیارات دینے والی باتیں کرنے والے لاعلم ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ بورڈ میں تبدیلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جی ایم اکیڈمیز علی ضیا کے مستعفی ہونے کے بعد ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے معاہدے میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا معاہدہ مئی میں ختم ہوگا۔